وزیر آئی ٹی نے ٹک ٹاک سے پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا

0

وزیر آئی ٹی نے ٹک ٹاک سے پابندی اٹھانے کا عندیہ دے دیا

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف نکلے۔امین الحق نے تصدیق کی کہ ٹک ٹاک انتظامیہ حکومت پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہے اور دونوں پارٹیوں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔مکمل ضابطوں کے ساتھ ہی ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں الیکٹرک شیئرنگ بائیک کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہے،پابندی کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ کو کچھ گائیڈ لائنز دی ہے،انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے،مکینزم طے ہونے کے بعد ٹک ٹاک سے پابندی اٹھالی جائے گی۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف ہیں اور انہیں امید ہے کہ شیئرنگ ایپلی کیشن انتظامیہ سے معاملات حل ہوجائیں گے۔

اگرچہ وفاقی وزیر نے جلد ٹک ٹاک سے پابندی ہٹائے جانے کا عندیہ دیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ایپلی کیشن سے کب تک پابندی ہٹائی جائے گی۔

حکومت پاکستان نے گزشتہ ہفتے ٹک ٹاک کو غیر اخلاقی اور نامناسب مواد نہ ہٹائے جانے پر بند کردیا تھا۔پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 9 اکتوبر کو فحش مواد کو نہ ہٹائے جانے پر ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کردیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ ہرروز نئی ٹیکنالوجی اورنئی ایجادات ہورہی ہیں،الیکٹرک شیئرنگ بائیک پاکستان میں گیم چینجرثابت ہوگا،الیکٹرک شیئرنگ منصوبےسے پاکستان میں سرمایہ کاری بھی آئےگی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک شیئرنگ بائیک ماحول دوست ہوں گے،منصوبے کے بعد خواتین خودالیکٹرک بائیک چلائیں گی، جس سےوومن ایمپاورمنٹ ہوگی۔

یاد رہے کہ پی ٹی اے کی طرف سے سوشل میڈیا ایپ پر گزشتہ دنوں پابندی عائد کر دی گئی تھی اور اس کی وجہ فحاشی کو قرار دیا جا رہا تھا ۔کیونکہ ٹک ٹاک پر کچھ لوگ فحش ویڈیوز بناتے ہوئے اسلامی شعائر کو بھول رہے تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.