اورنج لائن ٹرین کےمخالف سازشیوں کومنہ کی کھانا پڑے گی: شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ سیاسی گدھ قوم کی خوشحالی لوٹنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف سازش کرنے والوں کو منہ کی کھانا...

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ سیاسی گدھ قوم کی خوشحالی لوٹنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف سازش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈیرہ گجراں لاہور میں برقی ٹرین اورنج لائن میٹرو کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ چین کا پاکستانی عوام کیلئے تحفہ ہے، تاریخی منصوبے پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہیں، اس کیلئے 20 سال کیلئے نہایت آسان شرائط پر قرض فراہم کیا گیا، 7 سال تک ہمیں کوئی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی، اورنج ٹرین کا سفر انتہائی آرام دہ ہو گا اور حادثے کا کوئی اندیشہ بھی نہیں ہو گا۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ عمران خان پشاور میں میٹرو بس چلانا تو دور کی بات، اس کی ایک اینٹ تک نہیں لگا پائے، لاہور کی میٹرو بس پر الزام لگایا گیا کہ اس کے منصوبے پر 70 ارب لگے، مگر وہ 70 ارب کی بجائے 35 ارب بھی ثابت نہیں کر سکے، پونے دو سال سے اورنج لائن منصوبہ عدالت میں کیس ہونے کے باعث التواء کا شکار ہے لیکن ہم ناامید نہیں، عدالت کا فیصلہ قبول کریں گے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی مخالفین اورنج لائن ٹرین کو چلنے نہیں دینا چاہتے۔یہی وجہ ہے کہ ٹریک کے 11 مقامات پر عدالت سے اسٹے لے رکھا ہے۔

شہباز شریف کا کہناتھا کہ اورنج لائن منصوبہ لاہور کا نہیں پورے ملک کا ہے،مخالفین روڑے اٹکاتے رہیں مگرخوشحالی کا سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا اورنج لائن ٹرین چین کا پاکستان کو تحفہ ہے،جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد باعزت انداز میں سفر کر سکیں گے۔

چینی حکومت کے تعاون سے اورنج لائن ٹرین کی رونمائی کی پروقار تقریب ڈیراں گجراں میں منعقد ہوئی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اعلیٰ حکومتی عہدیدار چینی مہمان اور یونین کونسل چیئرمین بھی تقریب میں پہنچے۔

شہباز شریف نے بتایا جدید ٹرین کی 5 بوگیوں پر مشتمل اورنج لائن پر1000 افراد سفر کریں گے جبکہ روزانہ کی بنیادپر 250000 مسافر اس سے مستفید ہو سکیں گے۔

قالب وردپرس

Loading...
Categories
پاکستان

RELATED BY