پاکستانی طلبہ کی امریکی جامعات میں تعلیم کیلئے روانگی کی تیاریاں مکمل

اسلا م آباد  : پاکستان کے 111 انڈر گریجوایٹ طلبہ کو امریکی جامعات میں تعلیم دینے کیلئے تیاری مکمل کرلی گئیں، پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے...

اسلا م آباد  : پاکستان کے 111 انڈر گریجوایٹ طلبہ کو امریکی جامعات میں تعلیم دینے کیلئے تیاری مکمل کرلی گئیں، پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے امریکی فنڈ سے چلنے والے 2018ء کے گلوبل انڈر گریجوایٹ ایکسچینج پروگرام (گلوبل یوگراڈ)  میں شرکت کیلئے منتخب ہونیوالے 111 پاکستانی انڈر گریجوایٹ طلبہ کو ان کی امریکا روانگی سے قبل اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں مبارکباد پیش کی۔

پاکستانی طلبہ کی امریکی جامعات میں تعلیم سے متعلق تبادلہ پروگرام کا اجراء 2010ء میں کیا گیا تھا، جس کے بعد سے اب تک تقریباً 1500 پاکستانی طلبہ استفادہ حاصل کرچکے ہیں، اس تبادلہ پروگرام کے تحت طلبہ کو امریکی کالجوں اور جامعات میں امریکی طلبہ کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایک سمسٹر گزارنے کا موقع ملتا ہے۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت تعلیم کی قوت پر یقین رکھتی ہے اور امریکہ ایسی سرمایہ کاری پر یقین رکھتا ہے جس سے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان تعمیر ہو، یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد میں ہمارا سفارتخانہ دنیا میں کسی بھی امریکی سفارتخانہ کی نسبت سب سے بڑے تعلیمی و پیشہ ورانہ تبادلہ پروگراموں کیلئے تعاون کرتا ہے۔

گلوبل یوگراڈ کے پاکستانی شرکاء کا انتخاب پاکستان بھر سے کیا گیا ہے جو ہیومنٹیز، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور سائنسز سمیت مختلف تعلیمی شعبوں کے وسیع دائرہ کار کی نمائندگی کرتے ہیں۔

یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان (یوایس ای ایف پی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریٹا اختر نے پروگرام میں شرکت کرنیوالے پاکستانی طلبہ کی اس بات پر حوصلہ افزائی کی کہ وہ امریکہ میں میسر تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں سے پوری طرح مستفید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یوگراڈ سب سے زیادہ مشہور پروگرام ہے، اس پروگرام میں طلبہ کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے کیونکہ اس کے تحت طلبہ امریکہ سے واپسی پر امریکی عوام، امریکی اعلیٰ تعلیم اور کمیونٹی سروسز سے متعلق اپنے خیالات و تجربات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس تبادلہ پروگرام کیلئے طلبہ کی تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے، سال 2017ء میں ہمیں 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، گلوبل یوگراڈ پروگرام کیلئے طلبہ کا انتخاب اہلیت کی بنیاد پر اور پاکستان کے تقریباً تمام حصوں سے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کیلئے منتخب ہونا ایک بڑی کامیابی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ امریکہ میں ایک نہایت شاندار تجربہ آپ کا منتظر ہے۔

یو ایس ای ایف پی ایک دو قومی کمیشن ہے، جسے پاکستان اور امریکہ کی حکومتوں نے 1950ء میں قائم کیا تھا، یہ پاکستان میں گلوبل یوگراڈ پروگرام کے نظم  و نسق کیلئے امریکی سفارتخانہ کی مدد کرتا ہے، اس کا مشن تعلیمی و ثقافتی تبادلہ پروگراموں کے ذریعے پاکستانی اور امریکی عوام کے درمیان مشترکہ مفاہمت و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

یو ایس ای ایف پی سے متعلق مزید معلومات کیلئے درج ذیل ویب لنک ملاحظہ کیجئے:

www.usefpakistan.org

امریکی سفارتخانہ کی پاکستان میں سرگرمیوں سے متعلق معلومات کیلئے درج ذیل ویب لنک ملاحظہ کیجئے:

https://pk.usembassy.gov

Loading...
Categories
تعلیم

RELATED BY