سازش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکتی، جب تک میر جعفر اور میر صادق نہ ہوںسابق وزیراعظم عمران خان

0

سازش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکتی، جب تک میر جعفر اور میر صادق نہ ہوں سابق وزیراعظم عمران خان

 لاہور(نمائیندگان وبیورو چیف اردو خبریں) سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی کسی سے ڈکٹیشن نہیں لی اور نہ ہی ڈکٹیشن لینے کا ارادہ تھا، لیکن ایک فون پر بات منانے والوں کو آزاد خارجہ پالیسی پسند نہ آئی، اب عوام کو پتا چلا کہ سلیکٹڈ حکومت کیا ہوتی ہے،سازش کبھی بھی پوری نہیں ہو سکتی، جب تک میر جعفر اور میر صادق نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے لاہور میں ہونے والے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہر سے فون آیا کہ آپ روس کیوں گئے ہیں۔ میں نے کہا کہ روس اس لیے گیا کہ روس ہمیں گیس 30فیصد کم قیمت پر دے رہا ہے۔ ایک فون پر بات منوانے والوں کو آزاد خارجہ پالیسی پسند نہ آئی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جو لوگوں پر مسلط کی جاتی ہے وہ سلیکٹڈ حکومت ہوتی ہے اب لوگوں کو سمجھ آ گئی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کیا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ میں نے آج تک سلیکٹڈ حکومت قبول کی اور نہ ہی کبھی کروں گا۔اس سے قبل مینارِ پاکستان لاہور میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ ایک نوٹنکی وزیراعظم عمران خان کی کرسی پر بیٹھا کچھ ہی عرصے بعد یہ نوٹنکی کرسی سے اترجائےگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں ہمارےلیےکل بھی عمران خان وزیراعظم تھےاورآج بھی ہیں ہمارےلیےآئندہ بھی عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔
مونس الٰہی نے کہا کہ عمران خان آپ کے وزرا بہترین کام کرتےہیں عمران خان آپ کے وزرانےپنجاب میں بڑی سازش کو ناکام بنایا، خان صاحب آپ کاشکریہ آپ نےگجرات والوں پراعتمادکیا قدم بڑھائیں عمران خان ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ ہی سکھایا گیا ہےکہ دوستوں کا پورا ساتھ دینا ہے جب آپ کےدشمن اکھٹے ہو گئے تھے اس دن ہم اور تگڑے ہو گئے تھے۔
’امپورٹڈ حکومت نامنظور’ کے تحت لاہور کے مینار پاکستان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے دور میں پاکستان خارجہ سطح پر اپنے فیصلےخود کررہاتھا، اندازہ لگالیں کہ طارق فاطمی کو دوبارہ حکومت میں شامل کیاگیا، ثابت ہوگیا کہ آج پاکستان کے خارجہ سطح کےفیصلے واشنگٹن میں ہورہےہیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ شکر ہے کہ ہمارےاعتراض پر طارق فاطمی کو کان سے پکڑ کر نکال دیاگیا مگر آج خواجہ آصف کو وزیر دفاع بنادیاگیا، یہ وہ شخص ہے جو کہتا ہے انیس سو پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ میں پاکستان کو شکست ہوئی، ایسے شخص کو وزیردفاع بنادیاگیا ہے تو آپ اندازہ لگا سکتےہیں۔
جلسے سے خطاب میں فواد چوہدری نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مانگی نہیں جاتی آزادی چھین کرلی جاتی ہے، آج کا یہ جم غفیر فیصلہ دے چکا کہ ہم چھین کر آزادی لیں گے اور ہر صورت آزادی لیں گے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں مینارِ پاکستان جلسے کے لیے تیار کیا گیا خصوصی ترانہ جاری کر دیا ہے۔ترانے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سیاسی جدوجہد اور عوامی پاور شو کو دکھایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ڈار کا کہنا ہے کہ ترانہ لاہور جلسے کے لیے عمران خان کی محبت میں تیار کیا ہے۔ترانہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور عمر ڈار نے تیار کرایا ہے۔ ترانے کے بول ”جھوٹ کا توڑیں کے دستور، ہمیں غلامی نامنظور“ ہیں۔عمر ڈار نے کہا کہ ہمارا نعرہ ہے کہ ”دشمن کے سر کو جھکانا ہے، اس ملک کو مل کے بچانا ہے“، ترانے میں پی ٹی آئی کارکنان کے جذبات کی عکاسی کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترانہ ورکرز کا عمران خان کی جدو جہد اور سامراجی طاقتوں کے نام پیغام ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت کے لیے شہریوں کی ایک بڑی تعداد مینار پاکستان پہنچ گئی ہے اور پنڈال بھر چکا ہے۔

__________________________________________________________________

نہ غلامی قبول کرنی ہے، نہ امپورٹڈ حکومت قبول کرنی ہے، عمران خان

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.