اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا سب بڑا چیلنج ہے: کراچی پولیس چیف

0

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا اس وقت کراچی پولیس کے لیے سب بڑا چیلنج ہے، اس مقصد کے لیے تھانہ لیول پر کارکردگی کی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے سندھ بوائز اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں کراچی رینج میں تعینات تمام سینئر اور جونیئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک پولیس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ایس اوز کو ماہانہ بنیادوں پر انعام و تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہم فورس اور کراچی پولیس کا چہرہ ہے، اس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ٹریفک پولیس کی اوّلین ذمے داری ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ صرف ایس او ہی چالان کرے گا، اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، عوام کا براہِ راست واسطہ ٹریفک پولیس سے ہوتا ہے، لہٰذا عوام کے لیے ریلیف کا باعث بنیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایس ایچ او کو واردات ہو جانے کی وجہ سے نہیں بلکہ کرپشن اور ملزمان کو گرفتار نہ کرنے کی بناء پر ہٹایا جائے گا، تفتیش اور آپریشن کے شعبے باہمی تعاون سے ایک ٹیم کی طرح کام کریں تاکہ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں عدالتوں سے سزا دلوانے کے لیے مضبوط کیس بنایا جا سکے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ تھانے کا یونٹ پولیس کی بنیاد ہے، لہٰذا اپنی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے مقصد سے تھانوں میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تھانے کی صلاحیت کو بڑھایا جا سکے، تھانے پر اسٹریٹ کرائم جیسے جرائم سے متاثرہ شہری کے آنے پر فوری مقدمات کا اندراج کیا جائے، اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے تھانیدار کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں منشیات کے عادی افراد کی بڑی تعداد ملوث ہوتی ہے، منشیات کی روک تھام کے لیے جاری مہم میں مزید بہتری اور منشیات کے مقدمات میں پکڑے گئے ملزمان کے خلاف مضبوط کیس بنائے جائیں، شہر میں ایس ایچ اوز کی تعیناتی کے لیے شفاف پالیسی ترتیب دی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

کراچی پولیس چیف نے کراچی پولیس کی سینئر کمانڈ کو ہفتے میں ایک پورا دن ماتحت ملازمین کے مسائل سننے اور ان کے تدارک کے لیے وقف کرنے ہدایت بھی دی اور کہا کہ پولیس میں موجود جو افسران و ملازمین جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر محکمے کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں، ایسی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت قانونی و محکمہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ عوام میں پولیس کا امیج بہتر کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش کی ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مجموعی طور پر کراچی پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے اور اس کے مثبت نتائج سے عوام مستفید ہوں، کراچی پولیس میں تعینات ہر افسر اور سپاہی ایک ٹیم طرح ہے اور یہی ہماری کامیابی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کراچی میں تعینات تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی کہ ان کے احکامات ہر سپاہی تک یقینی طور پر پہنچائیں۔

__________________________________________________________________

آئندہ برس کراچی کنگز کا ہیڈ کوچ میں ہوں گا، کرس گیل

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.