پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول کی سطح پر فوری امتحانات شروع کر دئے جائیں

0

ماہر تعلیم آصف گوہر نے پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کے فوری امتحانات لینے کا مطالبہ کر دیا

ہے۔ تفصیلات کے مطابق ماہر تعلیم آصف گوہر نے کہا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول کی

سطح پر فوری امتحانات شروع کر دئیے جائیں تاکہ صبح 7 سے 9 بجے تک بچے آئیں اور پیپر دے کر

گھر واپس چلے جائیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ میں یہ مطالبہ گرمی کی شدت کے پیش نظر کر رہا ہوں تاکہ اس

شدید گرمی اور حبس سے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز پیک نے پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کے لیے ڈیٹ شیٹ جاری کردی

 

تھی، پہلی اور دوسری جماعت کے بچوں کا زبانی امتحان ہوگا، تیسری سے آٹھویں جماعت کے بچوں

سے تحریری امتحان لیا جائے گا،18 اور 19 جون کو انگریزی کا پیپر لیا جائے گا، 21 اور 22 جون

کو اردو کا پیپر ہوگا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کے علاقہ بارہ کہو میں ملپور میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے

سخت گرمی کا شکار 25 بچے بے ہوش گئے۔

 

اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ آئیسکو کو متعدد مرتبہ شکایات کی گئیں لیکن شکایات کے باوجود بجلی بحال

نہیں کی گئی۔ سخت گرمی کے باعث کئی بچوں کی نکسیر بھی پھوٹ گئی۔ اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ

بچوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جبکہ دو روز قبل لاہور کے اسکولوں

میں بھی ایسے ہی واقعات دیکھنے میں آئے۔ گرمی کی شدت کے باعث اسکولوں میں بچے نڈھال ہونے

لگے۔

 

لاہور میں گذشتہ روز گورنمنٹ جونیئر ماڈل سکول میں 2 بچوں کی حالت غیر ہوگئی ، بچوں کے ناک

سے خون بہنے لگا، جس پر اساتذہ نے ان بچوں کے سروں پر فوری ٹھنڈا پانی ڈالا اوران کو فوری طور

پر طبی امداد فراہم کی۔ اساتذہ نے محکمہ تعلیم پنجاب سے مطالبہ کیا کہ کلاسز کے اوقات کار میں مزید

کمی کی جائے، تاکہ بچے صبح کے اوقات میں ہی کلاسز پڑھ کر واپس گھروں کو جاسکے۔

جس پر اساتذہ نے ان کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی۔ اسکولوں میں سخت گرمی کے باعث بچوں

کے بے ہوشی اور طبیعت خراب ہونے کے واقعات کے بعد والدین نے مطالبہ کر رکھا ہے کہ بچوں کو

نئی کتب اور ہوم ورک دیتے ہوئے موسم گرما کی تعطیلات کر دی جائیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ کلاس

رومز میں لگے پنکھے بھی گرم ہوا پھینکتے ہیں۔ آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ جاری رکھ کر بچوں کو

گرمی سے بچایا جائے ۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں آج بھی شدید گرمی کا راج ہے ، وفاقی دارالحکومت

کا درجہ حرارت چالیس سے بھی بڑھ گیا ہے۔

_______________________________________________________

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.