منی لانڈرنگ کیس، شہباز اور حمزہ کیخلاف فردِ جرم کی تاریخ مقرر

0

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے مسلم لیگ ن کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کر دی۔

اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔

عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے کے منی لانڈرنگ کیس میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے25 مارچ مقرر کی ہے۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر دلائل بھی 25 مارچ کو ہی طلب کیے گئے ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دائرہ اختیار پر بحث کے لیے بھی طلب کر لیا ہے۔

گزشتہ سماعت پر کیا ہوا؟

گزشتہ سماعت کے موقع پر لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی روزانہ سماعت کی ایف آئی اے کی درخواست خارج کر دی تھی۔

عدالت نے تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 25 مارچ تک توسیع کی اور ایف آئی اے کو بینکرز کے بیانات کی نقول ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل نے ن لیگی رہنماؤں کی 27 بینکرز کے بیانات کے حصول کی درخواست منظور کر لی تھی۔

عدالت نے ایف آئی اے کو تمام گواہوں کے بیانات کے 16 سیٹ ملزمان کو فراہم کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

فاضل جج نے قرار دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر دائرہ اختیار کی درخواست پر شریک ملزم کے وکیل نے بحث نہ کی تو اسے زیرِ التواء رکھ کر فردِ جرم عائد کر دی جائے گی۔

__________________________________________________________________

پاکستانی علاقے میں میزائل گرنے پر افسوس ہے، بھارتی وزارت دفاع

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.