مکلی پر عالمی اصولوں کے تحت بحالی کا کام کیا ہے, غلط بیانی کرکے عوام کو گمراہ نہ کیا جائے: منظور احمد کناسرو

0

مکلی پر عالمی اصولوں کے تحت بحالی کا کام کیا ہے, غلط بیانی کرکے عوام کو گمراہ نہ کیا جائے: منظور احمد کناسرو

کراچی (اسٹاف رپورٹ):

ڈائریکٹر جنرل محکمہ آٹار قدیمہ و نوادرات منظور احمد کناسرو نے سوشل میڈیا کے کچھ حلقوں میں مکلی کے حوالے سے شایع ہونے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکلی کے حوالے سے شایع ہونے والی خبر اور سوشل میڈیا پوسٹ بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں.
اپنے جاری کردہ پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ مکلی پر دو سال پہلے بحالی کا کام شروع کیا گیا جو تقریباً آٹھ ماہ پہلے ختم بھی ہوچکا ہے اور سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی تصاویر بھی پرانی ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ جاری تصاویر میں یہ باور کرایا گیا ہے کہ محکمہ آرکیالاجی نے مکلی کے آثار کو نقصان پہنچایا ہے, جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عیسیٰ خان ترخان دوئم کے مقبرے کے احاطے میں فرش پر جو پرانی ٹائلیں تھیں وہ کچھ عرصہ وفاقی حکومت کی طرف سے لگوائی گئی تھیں اور وہ آثار قدیمہ کا حصہ نہیں تھیں. ابھی ان پرانی ٹائلوں کی حالت یہ ہوچکی تھی کہ ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے ٹائلیں اپنی جگہ سے ہل گئی تھیں اور انکے مابین کافی فاصلہ آچکا تھا جہاں بارش کا پانی انکے اندر ٹھہر جاتا تھا جس کو نکالنا ناممکن ہوگیا اور حتیٰ کہ وہ بارش کا پانی اصل تاریخی مقبرے و آثار قدیمہ کے لیے خطرناک ہو رہا تھا جس کے لیے بحالی کا کام کیا اور اب پرانی ٹائلیں نکال کر آثار قدیمہ کے اصولوں کے تحت بہتر فرش اور پانی کی نکاسی کا نظام بحال کروایا جس کو کچھ دوستوں نے غلط رنگ دے کر سوشل میڈیا میں عوام کو گمراہ کیا.
منظور احمد کناسرو نے کہا کہ مکلی صرف ہمارا ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کا عالمی ورثہ ہے اور اس پر کیا جانے والا بحالی کا ہر کام عالمی اصولوں کے مطابق ہی سرانجام دیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.