ملتان نے مقابلے کے بعد کراچی کو 3 رنز سے ہرادیا

0

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے ہرادیا۔ 

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ سلطانز کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 193 رنز بناسکی۔
کراچی کنگز کا آغاز شاندار رہا، ابتدائی بلے بازوں میتھیو ویڈ اور جیمز ونس نے برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
ویڈ 20 رنز بنانے کے بعد 72 کے مجموعے پر اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ایسے میں جیمز ونس کا بلہ رنز اگلتا رہا، انہوں نے 34 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ایسے موقع پر جہاں میچ کراچی کنگز کے حق میں دکھائی دے رہا تھا وہاں ونس رن آؤٹ ہوگئے۔
حیدر علی 12 اور شعیب ملک 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ عماد وسیم نے 26 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کرواسکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے دو وکٹیں لیں جبکہ اسامہ میر اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
سلطانز کی اوپننگ جوڑی محمد رضوان اور شان مسعود نے 85 رنز کی شاندار شراکت بنا کر ٹیم کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
شان مسعود نے 51 رنز کی اننگز کھیلی جنہیں تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے آؤٹ کیا۔
محمد رضوان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف سنچری داغ دی۔ انہوں نے رائیلی روسوو کے ہمراہ سنچری پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 تک پہنچا دیا۔
محمد رضوان نے 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 110 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر ملتان سلطانز کے محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
کراچی کنگز کی ٹیم اپنے صف اول کے بولر محمد عامر کے بغیر میدان میں اتری۔
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وِنس، حیدر علی، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، عرفان خان نیازی، بین کٹنگ، عامر یامین، محمد عمر، عمران طاہر اور عاکف جاوید شامل تھے۔
دوسری جانب ہوم ٹیم ملتان سلطانز محمد رضوان کی کپتانی میں میدان میں اتری، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، رائیلی روسوو، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، کالوس بریتھویٹ، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد الیاس اور احسان اللّٰہ شامل تھے۔

__________________________________________________________________

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز، قیدیوں کی گاڑی پہنچ گئی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.