جتنے کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، عمران خان

0

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ جتنے کنٹینر کھڑے کردیں، 20 لاکھ سے زائد لوگ اسلام آباد پہنچیں گے، ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر امپورٹڈ حکومت نامنظور کا پیغام دے گی۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان  نے کہا کہ حکمرانوں کو آپ کے جنون کا خوف ہے، اسلام آباد میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے، قوم ان ڈاکوؤں کو کبھی بھی تسلیم نہیں کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختون خوا سے صرف ایک لوٹا نکلا ہے، یہ لوٹا ابھی تک پشاور نہیں گیا ہے، ان لوٹوں کو نہیں معلوم کہ قوم میں شعور ہے، قوم بیدار ہے، اسکول کے بچوں کو پتہ ہے کہ لوٹا کیا ہوتا ہے۔

 پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے، ساری چیزوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، میڈیا سے گزارش ہے مائیک لے کر دکانوں میں جائیں، گھی کی قیمت ہی معلوم کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو ہٹایا، ان کے ساتھ میر جعفر اور میر صادق شامل تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میر جعفر سراج الدولہ کا سپہ سالار تھا اس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر مسلمانوں سے غداری کی، میر جعفر کی وجہ سے مسلمان انگریزوں کی غلامی میں گئے۔

عمران خان نے کہا کہ انگریزوں کے ہندوستان سے جانے کے بعد بنگال سب سے غریب صوبہ بن گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میر صادق نے ٹیپو سلطان کے ساتھ غداری کی، اور انگریزوں سے جا ملا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو کسی ملک کے لیے قربان نہیں کریں گے، امریکا کی جنگ میں ہمارا قبائلی علاقہ اُجڑ گیا، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا کے لیے اپنی قوم کے مفادات کیوں قربان کروں؟ امریکا کو مشرف جیسا حکمران چاہیے، جو ایک فون پر چاروں شانے چت ہوجائے، ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ رات 12 بجے عدالتیں کھلیں، اب جو ہو رہا ہے وہ کس جمہوریت میں ہوتا ہے، انصاف کا نظام بڑے چوروں کو پکڑ نہ سکے تو قوم تباہ ہو جاتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان جیسے جھوٹ کسی کو بولتے نہیں دیکھا، شہباز شریف اور بیٹے پر کروڑوں کی کرپشن کے مقدمات ہیں، کرپٹ، ڈاکو اور قاتلوں کو تسلیم کرلیا تو پاکستان سے دھوکا کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نیوٹرل بننے کی اللّٰہ نے ہمیں اجازت نہیں دی، نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں، ہمیں اجازت نہیں کہ کہیں نہ تیتر ہوں نہ بٹیر، اللّٰہ پوچھے گا آپ نے امپورٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد کی؟

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

مسلح افواج کو سیاسی گفتگو میں گھسیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آئی ایس پی آر

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.