پاکستان کا پہلا وائرل میم 83 لاکھ 55 ہزار روپے میں نیلام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پہلے وائرل میم کا این ایف ٹی گزشتہ روز 20 ایتھریئم میں نیلام ہوا جس کی مالیت امریکی ڈالر میں 51 ہزار 244 ڈالرز اور پاکستانی کرنسی میں 83 لاکھ 55 ہزار روپے بنتی ہے ، اس این ایف ٹی کو ’فورموسا‘ (formosa@) نامی ایک صارف نے خریدا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایڈوب فوٹوشاپ کی مدد سے تخلیق کیا گیا یہ میم 13 ستمبر 2015 کو گوجرانوالہ کے رہائشی محمد آصف رضا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا ، جس میں 3 تصاویر کو دیکھا گیا ، ایک تصویر میں 2 لڑکے ہاتھ ملا رہے ہیں جب کہ نیچے کی جانب تیسرے لڑکے کی 2 تصاویر ہیں جنہیں سبز لکیروں سے کاٹا گیا ، ان تصاویر پر انگریزی میں یہ بھی لکھا گیا کہ Friendship ended with MUDASIR Now Salman is my best friend جس کا اردو ترجہ کچھ یوں بنتا ہے کہ ’مدثر کے ساتھ دوستی ختم ہوگئی ، اب سلمان میرا بہترین دوست ہے‘۔
