ن لیگ کا اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ

0

مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی سے ایوان وزیراعلیٰ پہنچ گئے اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رکن ن لیگ خلیل طاہر سندھو نے بتایا کہ پرویز الہٰی کے خلاف آج ہی دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرائیں گے۔

اس سے قبل آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی 6 جون تک کے لیے ملتوی کردیا گیا، چیئرمین پینل وسیم خان بادوزئی نے اجلاس کی صدارت کی، اسپیکر پرویز الہیٰ نے آج اجلاس بلایا تھا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس صرف 9 منٹ چل سکا، محرک کی عدم موجودگی پر اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد نمٹا دی گئی۔

چیئرمین پینل وسیم خان بادوزئی نے اجلاس کی کارروائی حکومتی بنچوں پر ارکان کی عدم موجودگی میں ہی شروع کر دی، محرک سمیع اللّٰہ خان کا نام بار بار پکارا، تحریک عدم اعتماد کے محرک سمیع اللّٰہ اسمبلی میں موجود نہ تھے۔

قانون سازی سے کوئی مائی کا لعل روک کر دکھائے، پرویز الہیٰ

اسپیکر پرویز الہٰی بھی آج کے اجلاس کے لیے اسمبلی پہنچے، اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر پرویز الہٰی نے کہا کہ اسمبلی کی کارروائی ہوگی، ہماری تعداد بڑھ گئی ہے، کیونکہ لوٹے کیفر کردار تک پہنچ گئےہیں۔

پرویز الہیٰ کاکہنا تھا کہ قانون سازی سے کوئی مائی کا لعل روک کر دکھائے، ہمارے سارے لوگ آئیں گے، اسمبلی کا اجلاس ضرور ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اجلاس کے لئے گھنٹیاں بجانے کا عمل ہوا، جبکہ میڈیا کو پریس گیلری میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

اجلاس کے آغاز سے قبل پنجاب اسمبلی کے بند کیے گئے دروازے کھولے گئے جس کے بعد ارکان پنجاب اسمبلی ایوان کے اندر جانا شروع ہوئے۔

سابق وفاقی وزیر مونسی الہٰی بھی پنجاب اسمبلی پہنچے، اس موقع انہوں نے کہا کہ ہم گھر سے نکلے تو سارے راستے کھل گئے۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کیلئے آنے والے ارکان کو اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا گیا، تحریک انصاف کے ایم پی ایز اسمبلی پہنچے تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 15 سے 20 ارکان صحافیوں کو ساتھ لے کر اسمبلی جائیں گے، اطلاعات ہیں کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ گجرات سے غنڈے بلائے گئے ہیں، ارکان اسمبلی کو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیا جارہا۔

انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن اب تک نہیں ملا، پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے کے سامنے خار دار تاریں لگادی گئیں۔

پولیس کی بھاری نفری اسمبلی کے باہر تعینات ہے جبکہ ملازمین کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیاگیا اوررات گئے لاہور پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گھر سے گرفتار کرلیا ہے۔ 

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا، پرویز الہی 

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ ہمارے تمام ممبران اجلاس میں پہنچیں گے، پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ارکان اسمبلی دوپہر 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، دیکھتے ہیں منتخب ارکان کو کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی داخلے سے نہیں روک سکتا، میں آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، باپ، بیٹا اسمبلی کیساتھ ایسا اس لئے کر رہے ہیں کہ ان کے پاس نمبر کم ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب ہیں، گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔

پنجاب کے اجلاس کا ایجنڈا سامنے آگیا

پنجاب اسمبلی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل ہے۔

ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے۔

مسلم ن نے آئین کے آرٹیکل 127 کے تحت قرارداد جمع کرائی تھی۔

ایجنڈے کے متن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا۔

پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردیں

پنجاب اسمبلی اجلاس سے متعلق پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

مال روڈ پر ایوان وزیر اعلیٰ سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے جبکہ ایوان اقبال کی طرف سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والا راستہ بھی بند کیا گیا ہے۔

مال روڈ میں مختلف جگہوں پر بیریئرز رکھ دیئے گئے ہیں، خاردار تاروں سے بھی راستے بند کردیئے گئے۔

پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے گئے

انتظامیہ نے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دیئے اور اسمبلی کے دروازوں کے سامنے خار دار تاریں لگا دی گئیں۔

پنجاب اسمبلی کے افسران کی گرفتاریوں کے پیش نظر پولیس کو الرٹ کیا گیا ہے۔

ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گرفتار

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے چند گھنٹے پہلے پولیس کا ایکشن ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گرفتار، سیکرٹری اسمبلی اور سیکرٹری کوآرڈینیشنکے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔

لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز گھر کے اندر داخل ہوئی۔

اسپیکر پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کرلیا

خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی کے 30 مئی کو منعقد ہونے والے اجلاس کی تاریخ تبدیل کر کے آج بروز اتوار ایک بجے اجلاس طلب کرلیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ تیسری بار تبدیل کی گئی ہے، اس سے قبل 28 اپریل کو اجلاس طلب کیا گیا تھا مگر کارروائی کے بغیر ہی اسے 16 مئی تک مؤخر کردیا گیا تھا۔

16 مئی کو ہونے والا اجلاس بھی انعقاد سے پہلے ہی 30 مئی تک موخر کردیا گیا تھا تاہم اب تیسری بار تاریخ تبدیل کرتے ہوئے اجلاس آج 22 مئی اتوار ایک بجے بعد دوپہر طلب کیا گیا ہے، اجلاس آج طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

__________________________________________________________________

’عمران نے کور کمیٹی کا اجلاس ’پشاور‘ میں کرنے کا فیصلہ کیوں کیا‘

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.