پی ایس ایل 7، لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دیدی

0

کراچی (اردو خبریں ما نیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دیدی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے 12ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اورفخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد کامران غلام آئے اور محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ فخر زمان 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد حفیظ بھی 5 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر پال سٹرلنگ کا شکار بنے، فل سالٹ بھی 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

ڈیوڈ ویزے نے ہیری بروک کے ساتھ مل کر سکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن ڈیوڈ 20 اور بروک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 جب کہ حارث رؤف 0 پر آؤٹ ہوئے اور یوں لاہور قلندرز نے تمام اورز کھیلتے ہوئے 174 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور وقاص مقصود نے 4، 4 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلی وکٹ 16 رنز پر گری، جب ایلکس ہیلز 11 رنز پر شاہین آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔ پال سٹرلنگ بھی10 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا کر 37 کے سکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ کولن منرو اور شاداب خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اور اس دوران منرو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 166 رنز بنائے اور میچ میں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قلندرز کے زمان خان نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور 3 رنز دے کر آصف علی جیسے جارح مزاج بلے باز کی وکٹ حاصل کرکے ٹیم کو شان دار فتح دلائی۔

__________________________________________________________________

عدم اعتماد ہمارے پاس آپشن ہے، اس پر تفصیل سے بات ہوئی، شہباز شریف

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.