کل سے پی ٹی آئی احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے، فواد چوہدری

0

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعظم سواتی کی گرفتاری اور مہنگائی کے خلاف کل سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 لاہور(اردوخبریں نیوزڈیسک )لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کل سے پی ٹی آئی احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے، جہاں اعظم سواتی کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے، اس کے سامنے احتجاج کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی نے چیف جسٹس ہائیکورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، پیر کو اس عمارت کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا جہاں اعظم سواتی کو رکھا گیا ہے، اعظم سواتی کے خلاف 45 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں مظاہروں کی قیادت کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی سینئر قیادت نے ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت کو مسترد کر دیا ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کا خواب دیکھنے والے سن لیں کہ یہ منصوبہ پورا نہیں ہوگا، ملکی مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف الیکشن کے سوا کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ الیکشن کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت ہی بن جائے، اسٹیبلشمنٹ سے بھی کہتا ہوں کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کا آئیڈیا بری طرح پٹ جائے گا، عوام کو لیبارٹری کے چوہے نہ سمجھا جائے، مزید تجربے نہ کیے جائیں، پنجاب میں ہم اکثریتی جماعت ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو کہنے جا رہے ہیں کہ آصف زرداری، ناصر شاہ اور شرجیل میمن کی پنجاب میں مصروفیات الیکشن کمیشن سے شیئر کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.