سندھ کو ڈاکو راج سے آزادی دلائیں گے: اسد عمر

0

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی و وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ سندھ کے ہر شہری کے دروازے پر دستک دینے جا رہے ہیں، صوبے کو اس ڈاکو راج سے آزادی دلوائیں گے۔

یہ بات سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی و وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی کی زیرِ صدارت ایڈوائزری کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو مارکیٹ کا معاملہ سندھ اسمبلی میں اٹھائیں گے، سندھ میں نا امیدی کا وقت ختم ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کے 4 میں تاخیر کی ذمے دار سندھ حکومت ہے، پرسوں کی میٹنگ میں کے 4 کی حتمی منظوری کے بعد اس پر کام شروع ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میں ملک میں جمہوریت کا حامی ہوں، تاہم پرویز مشرف اور نواز شریف میں بہت فرق ہے۔

اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف صحت کا بہانہ بنا کر ملک سے گئے ہیں، پرویز مشرف واپس آ کر ملک پر حکمرانی کے دعوے دار نہیں ہیں۔

وفاقی وزیر میاں محمد سومرو، امیر بخش بھٹو، ارباب غلام رحیم، غوث علی شاہ اور دیگر عہدے داروں و رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سندھ نے بلدیاتی کالے قانون کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ بھی کیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس میں ممبران سے تنظیمی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جبکہ گھوٹکی تا کراچی مارچ سے متعلق امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے اسد عمر کو مارچ کی تیاریوں اور تفصیلات سے آگاہ کیا، اسد عمر نے رہنماؤں پر عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کے لیے زور دیا۔

اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں کارنر میٹنگز کرنے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ گھوٹکی تا کراچی مارچ میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت بھی شرکت کرے گی۔

__________________________________________________________________

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.