اسلام آباد وزیراعظم عمران خان نے سی ڈی اے کو ہدا یت کی ہے کہ اوورسیز پاکستا نیوں کیلئے رہائشی منصوبہ اوورسیز انکلیو کا جلد آ غاز کیا جائے۔ سمندر پار پاکستانیز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کے تجربہ سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز سی ڈی اے کے مجوزہ عالمی معیار کے ہاؤسنگ منصوبے، اوورسیز انکلیو اسلام آباد کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز سید طارق محمود الحسن، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)انور علی حیدر ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد، دبئی کے بزنس مین عمران چوہدری اور دیگر متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ سی ای او راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اپنے 90؍ لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو معاشی ترقی کے عمل میں شامل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہم ملک میں روزگار کے مواقع اور آمدنی بڑھانے کیلئے ان کی مہارت اور خدمات سے استفادہ کی کوشش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد میں پارک روڈ پر تقریباً 6000؍ اپارٹمنٹس کا کلسٹر تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جہاں پر تقریباً 35,000؍ افراد کو عالمی معیار کی رہائش کی سہولت حاصل ہو گی۔
یہ فیز ون ہے جو 50؍ ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کے بعد فیز ٹو میں مزید 4000؍ پارٹمنٹس تعمیر کئے جا ئیں گے۔
یہ منصوبہ مکمل طور پر پائیدار اور انتہائی محفوظ ہو گا اور تمام سمندر پار پاکستانی سرمایہ کاروں کو پرکشش بولی کی سہولت حاصل ہو گی۔ یہ چونکہ پارک انکلیو کیساتھ ہے اسلئے اس کا نام پارک انکلیو ہائٹس رکھاگیا ہے۔ اس کا پی سی ون حتمی مراحل میں ہے جسے سی ڈی اے کی ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جا ئے گا۔ فیز ون تین سال میں تقریباً160؍ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔
یہ 40منزلہ اپارٹمنٹس اسمارٹ ہائوسنگ فیچرز کے حامل ہوں گے ۔پی سی ون کی منظوری کے بعد کنٹریکٹ ایوارڈ کیا جا ئے گاجو انجینئرنگ ‘ پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن کی بنیاد پر دیا جا ئے گا۔ اپارٹمنٹس کا کورڈ ایریا کم ازکم 1075فٹ اور زیادہ سے زیادہ2500مربع فٹ ہو گا۔
یہ اپارٹمنٹس روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذ ریعے فروخت کئے جا ئیں گےجس سے پونے 2؍ ارب ڈالر کا زر مبادلہ حاصل ہو گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان مجوزہ ہاؤسنگ اپارٹمنٹس کی اعلیٰ معیار کی تعمیر، تیز رفتار تکمیل اور مسابقتی قیمتوں کے تعین کو یقینی بنائیں تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے انہیں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش بنایا جا سکے۔
_________________________________________________________________
بھارتی گلوکار بپی لہری انتقال کر گئے