یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب، صدر، وزیرِ اعظم، سربراہانِ مسلح افواج شریک

0

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب جاری ہے، جس میں صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم عمران خان، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شریک ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، نیول چیف ایڈمرل اجمل خان نیازی اور ایئر مارشل ظہیر احمد بابر بھی یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں موجود ہیں۔

وزیرِ دفاع پرویز خٹک بھی مرکزی پریڈ دیکھنے کے لیے سلامی کے چبوترے پر موجود ہیں۔

او آئی سی کے وزرائے خارجہ کو بھی یومِ پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

قومی ترانہ، تلاوتِ قرآن پاک

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد پر خصوصی بگل بجایا گیا، اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے احترام میں تقریب کے تمام شرکاء کھڑے  ہو گئے۔

قومی ترانے کے بعد تلاوتِ قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پریڈ گراؤنڈ کی فضاؤں میں گونجنے لگی۔

صدرِ پاکستان نے مسلح افواج کا معائنہ کیا

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی جیپ میں سوار ہو کر مسلح افواج کا معائنہ کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے سلامی پیش کی۔

جدید ترین جے 10 سی جنگی طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، شاندار فضائی مظاہرے میں جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16 اور دیگر جنگی طیارے شامل رہے۔

صدرِ مملکت کا تقریب سے خطاب

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پاکستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، آج کے دن تحریکِ پاکستان کے قائدین اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عزم کرتے ہیں کہ ملک کی آزادی اور خود مختاری کو ہمیشہ عزیز رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حصولِ پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی مملکت کا قیام تھا، ایسی مملکت جواسلامی اصولوں پر مبنی اعتدال پسند اور روادار معاشرے کا عملی نمونہ پیش کرے، مملکت میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کو بھی جان و مال کا تحفظ اور مذہبی آزادی حاصل ہو، مساوات، قانون و انصاف کی حکمرانی ہو۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ بانیانِ پاکستان کی امنگوں کے مطابق جدید اسلامی فلاحی جمہوری ریاست کے حصول کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے، پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، خواہش ہے کہ اس ادارے کو مزید مستحکم اور مؤثر بنایا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے، فلسطین اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں عوام پر جبر و تشدد کیا جاتا ہے، دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کیا ہے، میرے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں، غیر یقینی کیفیت میں ہیں۔

صدرِ پاکستان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کو عالمی سطح پر روکنے کے لیے اقوامِ متحدہ میں آرگنائزیشن آف اسلامک کنٹریز اور پاکستان نے بھرپور کاوشیں کی ہیں، اقوامِ متحدہ نے او آئی سی کی جانب سے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرار داد میں اعادہ کیا گیا ہے کہ اسلامو فوبیا، ناموسِ رسالت ﷺ، مذہب کی توہین اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تحریر و تقریر دنیا کے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے، اب ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے مقابلے کا دن منایا جائے گا۔

صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیا اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسلامو فوبیا کی کیفیت کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جائے، او آئی سی کا اجلاس امہ کے مسائل کے حل کی تلاش، قیادت اور اتحاد کے لیے بہترین موقع ہے، باہمی اتحاد اور تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے اور کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ایک ذمے دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں، جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہمارے ہمسائے ملک کے توسیع پسندانہ عزائم اور کشمیر پر غیر قانونی قبضہ ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقوامِ متحدہ پر زور دیتا ہوں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے متعلقہ قرار دادوں پر عمل درآمد کیا جائے، جس کا ہم انتظار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اتحاد اور تعاون سے تمام چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے گا، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے، ہم نے آزادی کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

اپنے خطاب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہم نے اندرونی اور بیرونی سازشوں پر کامیابی حاصل کی اور کرتے رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے علمائے کرام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا، ہمارے سب ادارے جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالا دستی چاہتے ہیں۔

پریڈ کی تھیم ’شاد رہے پاکستان‘

اس سال یومِ پاکستان کی مرکزی پریڈ کی تھیم ’شاد رہے پاکستان‘ رکھی گئی ہے، یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کے حصے ’مرکزِ یقین شاد باد‘ سے لی گئی ہے۔

پریڈ میں تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔

مختلف شعبوں کی شخصیات کو خراجِ تحسین

یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شرکائے تقریب نے دل کھول کر ان شخصیات کو داد و تحسین سے نوازا۔

تقریب میں کیا کچھ ہو گا؟

پریڈ میں آرمرڈ کور، آرٹلری اور ایئر ڈیفنس انجینئرز کے دستے دشمن پر ہیبت طاری کرنے والے سامانِ حرب کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں، ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔

میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہیں۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔

او آئی سی کے فلوٹ کو یومِ پاکستان کی پریڈ میں خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔

__________________________________________________________________

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.