وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم

0

 اسلام آباد(اردوخبریں نیوز ڈیسک ) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ہوئے اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوئی۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

عسکری حکام کی جانب سے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی نے اہم فیصلوں کی منظوری دی۔

اجلاس میں ہونے والے اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔

وزیرِ خارجہ کی وزیرِ اعظم سے ملاقات

وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے جس میں وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت نوید قمر اور وزیرِ مملکت حنا ربّانی کھر بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں اگلے ماہ جنیوا میں ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو کانفرنس کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو اپنے حالیہ دورۂ امریکا کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس بلانے کا فیصلہ کل کیا گیا

گزشتہ روز وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کریں گے جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی شرکاء کو ملکی سلامتی اور سیکیورٹی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے۔

________________________________________________

گورنر سندھ کی ایم کیو ایم دھڑوں میں انضمام کی تصدیق

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.