وزیرِ اعظم نے مشاورت کیلئے سینئر قیادت کو بنی گالہ بلا لیا

0

وزیرِ اعظم عمران خان نے تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کے لیے سینئر قیادت کو اسلام آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ بنی گالہ بلا لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان اس حوالے سے حتمی مشاورت کریں گے کہ تحریکِ عدم اعتماد کے سلسلے میں قومی اسمبلی اجلاس کب بلایا جائے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ وفاقی وزراء پرویز خٹک، علی زیدی، فواد چوہدری اور شفقت محمود وزیرِ اعظم عمران خان سے مشاورت میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی حتمی منظوری دیں گے۔

اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد ضابطے کے مطابق قرار

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد ضابطے کے مطابق قرار دے دی۔

قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد اور ریکوزیشن پر اپوزیشن اراکین کے دستخطوں کی تصدیق مکمل ہو گئی۔

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کسی بھی رکن کے دستخط مشکوک یا رول آف سائن کے خلاف نہیں نکلے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے شعبۂ قانون سازی نے تمام ضوابط پورے کرنے کے بعد فائل اسپیکر کو بھجوا دی۔

اسپیکر کو 22 مارچ سے قبل اجلاس بلانے کی تجویز

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کو 22 مارچ سے قبل کسی بھی دن اجلاس بلانے کی تجویز بھی دے دی گئی ہے۔

__________________________________________________________________

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.