سیکریٹری جنرل UN روس اور یوکرین سے پہلے کہاں جائینگے؟

0

روس یوکرین ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتیریس روس اور یوکرین کے دورے سے قبل ایک اور ملک کا دورہ کریں گے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل ماسکو اور کیف کے دورے سے قبل 25 اپریل کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ جائیں گے۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے انقرہ پہنچنے پر ترک صدر اردوان ان کا خیر مقدم کریں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس یوکرین ثالثی کی کوششوں کے لیے انتونیو گوتیریس ترکی کے بعد روس اور یوکرین جائیں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ انتونیو گوتیریس منگل کو ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل جمعرات کو یوکرین کا دورہ کریں گے۔

یوکرینی صدر نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے کیف سے پہلے ماسکو جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے فیصلے میں کوئی انصاف اور کوئی منطق نہیں۔

ایوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ امریکی شراکت داروں سے اہم بات چیت کی تیاری کر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن آج یوکرین کے دارالحکومت کیف کا دورہ کریں گے۔

یوکرینی صدر نے کہا ہے کہ امید ہے کہ کیف میں امریکی وزیرِ خارجہ اور دفاع سے گفتگو میں بھاری ہتھیاروں کے حصول میں کامیابی ہو گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یقین ہے کہ بھاری ہتھیار ملتے ہی ہم روس کے زیرِ قبضہ علاقے دوبارہ حاصل کر لیں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا پہلی مرتبہ اپنے اعلیٰ عہدے داروں کو کیف بھیج رہا ہے۔

________________________________________________

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.