تحریکِ عدم اعتماد مسترد، ایاد صادق نے اسپیکر کی کرسی سنبھال لی

0

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اسپیکر کی کرسی سنبھال لی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس جاری ہے۔

اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد مسترد

قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین کے خلاف قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے خلاف کسی غیر ملکی کو حق نہیں کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد لائے، کسی غیر ملکی طاقت کو اختیار نہیں کہ پاکستان کے معاملے میں مداخلت کرے۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک رولز کے مطابق ہونا ضروری ہے، میں بطور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد کی جاتی ہے۔

ڈپٹی اسپیکر نے تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کر دیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔

اس سے قبل آج قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا، اس سے پہلے یہ اجلاس ساڑھے 11 بجے شروع ہونا تھا۔

اپوزیشن نے دھرنا دے دیا

دوسری جانب تحریکِ عدم اعتماد مسترد کیے جانے پر اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں دھرنا دے دیا۔

اپوزیشن اراکین نے اس موقع پر خوب شور شرابا کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

حکومتی ارکان نے بھی اپوزیشن بینچوں پر جا کر نعرے لگائے۔

اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا: شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے میڈیا سے کہا کہ اسپیکر اور عمران خان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔

زرداری اور بلاول ایوان میں پہنچ گئے

آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ایوان میں پہنچنے پر اپوزیشن ارکان نے ڈیسک بجائیں۔

آصف زرداری صدر ن لیگ شہباز شریف، وفاقی وزراء حماد اظہر اور شوکت ترین سے ملے، جبکہ غوث بخش مہر آصف زرداری سے آ کر ملے۔

چوہدری سالک، طارق چیمہ اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ گئے

مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھ گئے۔

اس سے قبل انہوں نے اپوزیشن چیمبر میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات و گفتگو بھی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ووٹ ڈالنے نہیں آیا کسی اور کام سے آیا ہوں۔

شہباز شریف قومی اسمبلی ہال پہنچ گئے

اپوزیشن لیڈر، صدر ن لیگ میاں شہباز شریف قومی اسمبلی ہال پہنچ گئے، اس موقع پر ن لیگی ارکان نے ڈیسک بجا کر انہیں ویلکم کہا۔

شیروانیاں سلوانے والوں کو پاجامے نہیں ملنے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ گورنر پنجاب ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرپرائز پہلے بتا دوں تو کیا فائدہ، جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں انہیں پاجامے نہیں ملنے۔

منحرف ارکان اپوزیشن لابی میں پہنچ گئے

منحرف ارکان پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لابی میں پہنچ گئے جس کے بعد اپوزیشن لابی کا دروازہ بند کر دیا گیا۔

شہباز، زرداری، بلاول پارلیمنٹ پہنچ گئے

اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، ان کے صاحبزادے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔

__________________________________________________________________نئے الیکشن 90 روز میں ہوں گے، فرخ حبیب

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.